فون جام ہو چکا ہے، حملہ ہو سکتا ہے: مشتاق احمد نے اہم پیغام جاری کر دیا

گلوبل صمود فلوٹیلا پر موجود سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے خبردار کیا ہے کہ آج رات فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کا امکان ہے فائل فوٹو گلوبل صمود فلوٹیلا پر موجود سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے خبردار کیا ہے کہ آج رات فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کا امکان ہے

غزہ کی جانب امدادی سامان اور ادویات پہنچانے کے لیے روانہ ہونے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر موجود سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے خبردار کیا ہے کہ آج رات فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کا امکان ہے۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری کی گئی ویڈیو میں مشتاق احمد خان نے بتایا کہ دور سے اسرائیلی بحری جہاز نظر آ رہے ہیں اور امکان ہے کہ آج رات کوئی کارروائی ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہنگامی حالات کے لیے حفاظتی جیکٹس پہن لی ہیں اور ہر ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

مشتاق احمد خان نے یہ بھی بتایا کہ اسرائیل نے ان کا موبائل فون بند کر دیا ہے اور گزشتہ 36 گھنٹوں سے وہ کسی سے رابطہ نہیں کر سکے۔

تاہم، انہوں نے کہا کہ اسرائیل میرا فون جام کر سکتا ہے لیکن غزہ کی طرف سفر کو نہیں روک سکتا، اور یہ کہتے ہوئے اپنا موبائل سمندر میں پھینک دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چاہے ہم سمندر میں مچھلیوں کی خوراک بن جائیں یا اسرائیلی ڈرون کا نشانہ بنیں، ہم غزہ کی طرف سفر جاری رکھیں گے۔

مشتاق احمد خان نے عوام سے اپیل کی کہ اگر آپ خود غزہ نہیں پہنچ سکتے تو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے باہر پرامن احتجاج کریں۔

عرب میڈیا کے مطابق گلوبل صمود فلوٹیلا غزہ کے قریب پہنچ رہا ہے، تقریباً 50 کشتیوں پر سوار سیکڑوں افراد اس سفر میں شریک ہیں اور منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ فلوٹیلا 3 دن میں غزہ پہنچ سکتا ہے۔

فلوٹیلا میں موجود ایک صحافی کے مطابق کشتیاں ’اورنج لائن‘ کو عبور کرکے اس خطرے والے علاقے میں داخل ہو رہی ہیں جہاں خطرہ ہے کہ اسرائیلی بحریہ انہیں روکنے کی کوشش کرے گی۔

غزہ سے 150 سمندری میل کے فاصلے کو ’اورنج لائن‘ کہا جاتا ہے اور یہ وہی مقام جہاں اس سال کے اوائل میں اسرائیل نے امدادی جہاز ’میڈلین‘ اور ’حنظلہ‘ کو روک لیا تھا۔

install suchtv android app on google app store