واٹس ایپ دنیا کی سب سے مقبول میسجنگ ایپ ہے جس کے صارفین کی تعداد اربوں تک جا پہنچی ہے۔ میٹا کی ملکیت یہ ایپ اب ایک بار پھر کئی نئے فیچرز متعارف کرانے جا رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ سہولیات مرحلہ وار جاری ہوں گی اور اگلے چند ہفتوں میں سب صارفین تک پہنچ جائیں گی۔
ان فیچرز میں سب سے نمایاں لائیو فوٹوز اور موشن فوٹوز ہیں۔ یہ بنیادی طور پر ایک ہی فیچر ہے، تاہم آئی فون پر اسے لائیو فوٹوز جبکہ اینڈرائیڈ پر موشن فوٹوز کہا جائے گا۔
اس کے ذریعے صارفین تصویر لیتے وقت مختصر آڈیو یا ویڈیو کلپ ریکارڈ کرکے دوستوں کو بھیج سکیں گے۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ میں میٹا اے آئی کا کردار مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔
اب صارفین چیٹ تھیمز اور ویڈیو کالز یا چیٹس میں شیئر کیے گئے میڈیا کے لیے منفرد بیک گراؤنڈز تخلیق کر سکیں گے۔
یہ دو نئے فیچرز ہیں جنہیں بالترتیب چیٹ تھیمز ود میٹا اے آئی اور بیک گراؤنڈ ود میٹا اے آئی کہا گیا ہے۔
اسٹیکرز کے شوقین صارفین کے لیے بھی خوشخبری ہے۔ واٹس ایپ نے نئے اسٹیکر پیکس متعارف کرا دیے ہیں جن میں فیئر لیس برڈ، اسکول ڈیز اور ویکیشن شامل ہیں۔
ایک اور نیا فیچر گروپ سرچ ہے جس کی مدد سے گروپ چیٹس کو تلاش کرنا پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان ہوگا۔
یعنی طویل لسٹ میں اسکرولنگ کی بجائے صارفین کسی دوست کا نام سرچ کریں گے تو فوراً ہی وہ تمام گروپس سامنے آ جائیں گے جن میں وہ دونوں ممبرز ہوں گے۔
آخری فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ہے۔
اس فیچر کے تحت وہ واٹس ایپ کے اندر ہی دستاویزات کو اسکین کرسکیں گے، یعنی کسی تھرڈ پارٹی ایپ کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ فیچر آئی او ایس صارفین کو کافی عرصے سے دستیاب ہے مگر اب اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔