چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی کی جانب سے ہارڈ وئیر ڈیوائسز کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے۔ ان ڈیوائسز کا مقصد آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ کو ہر جگہ استعمال کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ کچھ عرصے قبل ایپل کے سابق چیف ڈیزائنر جونی آئیو اور اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے اعلان کیا تھا کہ وہ اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی ایک ڈیوائس تیار کر رہے ہیں۔ اب ان ڈیوائسز کے بارے میں نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
دی انفارمیشن کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ ڈیوائسز دیکھنے میں کیسی ہوسکتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی کی جانب سے اسمارٹ گلاسز، ایک ڈیجیٹل وائس ریکارڈر، ایک وئیر ایبل پن اور بغیر ڈسپلے والے اسمارٹ اسپیکر پر کسی حد تک کام کیا گیا ہے۔
البتہ ایسا بالکل ممکن ہے کہ ان سب کو مکمل طور پر تیار نہ کیا جائے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اوپن اے آئی کی جانب سے کچھ شراکت داروں کے ساتھ کام کیا جار ہا ہے۔ درحقیقت یہ ایسی کمپنیاں ہیں جو پہلے ایپل کی ڈیوائسز کی تیاری کے لیے بھی کام کرچکی ہیں۔
ان ڈیوائسز پر کام کرنے والے بیشتر افراد بھی ایپل سے ہی اوپن اے آئی کا حصہ بنے ہیں۔ یہ واضح نہیں کہ اوپن اے آئی کی جانب سے کب تک کسی ڈیوائس کو متعارف کرایا جاسکتا ہے۔ مگر رپورٹس میں بتایا گیا کہ ایسا 2026 کے آخر یا 2027 کے شروع میں ہوگا۔
بظاہر پہلے ایک ڈیوائس کو متعارف کرایا جائے گا اور پھر دیگر ڈیوائسز کو پیش کیا جائے گا۔ جونی آئیو اور سام آلٹمین کی مشترکہ کمپنی آئی او یہ ڈیوائسز تیار کرے گی، واضح رہے کہ اس کمپنی کو کچھ عرصے قبل اوپن اے آئی نے ساڑھے 6 ارب ڈالرز میں خرید لیا تھا۔
جونی آئیو کو پہلے آئی فون کے ڈیزائن کے لیے جانا جاتا ہے اور آئی او کمپنی فروخت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے جوئی آئیو اور سام آلٹمین نے کہا تھا کہ ان کی ڈیوائسز اے آئی سے رابطے میں انقلاب برپا کریں گی۔ ابھی ان ڈیوائسز کے بارے میں ابتدائی لیکس سامنے آئی ہیں مگر اب بھی کافی کچھ معلوم نہیں کیونکہ اس کی پروڈکشن شروع ہونے کا عمل کم از کم ایک سے ڈیڑھ سال بعد شروع ہوگا، جس دوران اس میں نمایاں تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں۔