سائبر کرمنلز آپ کے اسمارٹ فون کو ہیک کرنے یا اس کا ڈیٹا چرانے کے لیے مختلف طریقے استعمال کر سکتے ہیں، چاہے آپ کے پاس اینڈرائیڈ ہو یا نسبتاً محفوظ سمجھا جانے والا آئی فون۔ حتیٰ کہ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں کے اکاؤنٹس بھی ہیکنگ سے محفوظ نہیں رہے۔
ان طریقوں میں نقصان دہ لنک پر کلک کرنا، جعلی ایپ اسٹور سے ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا، جعلی سافٹ ویئر انسٹال کرنا یا عوامی مقامات پر دستیاب جعلی وائی فائی نیٹ ورک کا استعمال شامل ہے۔
لیکن سوال یہ ہے کہ آپ کیسے جان سکتے ہیں کہ آپ کا فون ہیک ہو چکا ہے یا نہیں؟
فوربز کی ایک رپورٹ کے مطابق، کچھ واضح علامات موجود ہیں جو ہیکنگ کی نشاندہی کرتی ہیں۔
مثال کے طور پر، اگر آپ کے فون کی بیٹری غیر معمولی طور پر تیزی سے ختم ہو رہی ہے یا فون زیادہ گرم ہو رہا ہے، تو یہ ہیکنگ کی علامت ہو سکتی ہے۔
اسی طرح، ہیک ہونے کی صورت میں آپ کے موبائل پر غیر متوقع طور پر نئی ایپس ظاہر ہو سکتی ہیں، یا موجودہ ایپس کے لوڈ ہونے میں غیر معمولی تاخیر ہو سکتی ہے۔
یہ ایپس خود کھل یا خود ہی بند ہو سکتی ہیں لہٰذا اس مشکوک رویے کو نظر انداز نہ کریں۔
اگر آپ کا موبائل فون پیکج تیزی سے ختم ہونے لگے یا پھر فون پر کچھ ایسے نمبر کا استعمال نظر آنے لگے جنہیں آپ جانتے بھی نہ ہوں تو یہ فون ہیکنگ کی علامت ہوسکتی ہے۔
موبائل فونز ہیک ہونے کی صورت غیر متوقع نوٹیفکیشن یا پاپ اپ ظاہر ہونے لگتے ہیں یا پھر کیمرہ یا مائیکروفون سیٹنگز کی ازخود تبدیلی بھی ہیکنگ کی علامت تصور کی جاتی ہے۔
اگر آپ خود کو غیر متوقع طور پر اپنے ہی ایپل آئی ڈی ، گوگل اکاؤنٹ سے یا دوسرے آن لائن اکاؤنٹس سے لاگ آؤٹ پائیں تو سمجھ جائیں آپ کا فون ہیک ہوچکا ہے۔