انڈیانا کے وکیل مارک ایس زکربرگ نے ٹیکنالوجی کمپنی میٹا پلیٹ فارمز کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کر دی ہے۔
ان کا مؤقف ہے کہ کمپنی نے بار بار ان کے اکاؤنٹس اس بنیاد پر معطل کیے کہ وہ مبینہ طور پر فیس بک کے سی ای او اور ہم نام مارک ای زکربرگ کی نقالی کر رہے ہیں۔
میریون سپیریئر کورٹ میں دائر اس مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ 2022 سے 2025 کے دوران وکیل کے ذاتی اور پیشہ ورانہ اکاؤنٹس متعدد مرتبہ بند کیے گئے۔
ان کے بقول، ان کا ذاتی پروفائل 9 بار معطل ہوا جبکہ ان کی لا فرم کا صفحہ 5 مرتبہ ہٹایا گیا، اس سے نہ صرف مؤکلین سے رابطے میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔
بلکہ فیس بک پر دیے گئے لگ بھگ 11 ہزار ڈالر کے اشتہارات بھی ضائع ہوگئے۔
مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ میٹا نے لاپرواہی اور معاہدے کی خلاف ورزی کی۔
کیونکہ وہ ایک ہی نام رکھنے والے صارفین میں فرق کرنے میں ناکام رہی اور اپنی نگرانی کے نظام کو درست طریقے سے استعمال نہ کیا۔
درخواست گزار وکیل کے مطابق یہ ایسے ہے جیسے آپ بل بورڈ خریدیں اور کوئی آ کر اس پر چادر ڈال دے۔
میٹا نے بعد میں تسلیم کیا کہ اکاؤنٹس غلطی سے معطل کیے گئے تھے اور انہیں بحال کر دیا گیا۔
لیکن وکیل اب بھی ہرجانے کا مطالبہ کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ بار بار کی معطلی نے ان کے کاروبار اور ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔
یہ کیس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے اور صارفین اسے اس لحاظ سے دلچسپ قرار دے رہے ہیں کہ مارک زکربرگ نے مارک زکربرگ پر مقدمہ کر دیا۔
انڈیانا کے وکیل نے بھی اس صورتحال کو مزاحیہ انداز میں لیا اور کہا کہ اگر دوسرا مارک زکربرگ ذاتی طور پر معافی مانگنا چاہے۔
یا پھر مجھے اپنی یاٹ پر مدعو کرے تو میں انکار نہیں کروں گا۔