ڈیسک ٹاپ اور لیپ ٹاپ کمپیوٹرز میں سب سے زیادہ استعمال کیے جانے والے آپریٹنگ سسٹمز میں دوسرا نمبر مائیکروسافٹ کا ونڈوز 10 ہے۔ مگر مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ اکتوبر 2025 میں ونڈوز 10 کے لیے سپورٹ ختم کر دی جائے گی۔
یاد رہے کہ ونڈوز 10 جولائی 2015 میں متعارف کرایا گیا تھا اور ایک دہائی کے بعد اس کی زندگی کا اختتام کیا جا رہا ہے۔
14 اکتوبر 2025 کے بعد صارفین ونڈوز 10 کو کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر استعمال تو کر سکتے ہیں، لیکن کمپنی کی جانب سے سافٹ ویئر اور سیکیورٹی اپ ڈیٹس جاری نہیں ہوں گی۔
صارفین کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ ونڈوز 11 پر سوئچ کریں۔
اس وقت تقریباً 43 فیصد کمپیوٹرز پر ونڈوز 10 استعمال ہو رہا ہے، اور کئی صارفین ابھی ونڈوز 11 پر اپ گریڈ کرنے کے خواہاں نہیں یا ان کے کمپیوٹر اپ گریڈ کے قابل نہیں ہیں۔
ایسے صارفین کے لیے ایک حل موجود ہے:
وہ ایکسٹینڈڈ سیکیورٹی اپ ڈیٹس ای ایس یو پروگرام میں شامل ہو کر 13 اکتوبر 2026 تک اپنے کمپیوٹر کے لیے اپ ڈیٹس حاصل کر سکتے ہیں۔
مائیکروسافٹ کے مطابق یہ پروگرام طویل مدت کا حل نہیں بلکہ ایک عارضی اقدام ہے تاکہ کمپیوٹرز محفوظ رہ سکیں۔
البتہ اس پروگرام کا حصہ بننے کے لیے 30 ڈالرز کی فیس ادا کرنا ہوگی یا مفت انرولمنٹ آپشنز بھی موجود ہیں جس کے لیے ونڈوز بیک اپ کو استعمال کرکے اپنی سیٹنگز کو ون ڈرائیو سے sync کرنا ہوگا یا ایک ہزار مائیکرو سافٹ ریورڈز پوائنٹس کو استعمال کرنا ہوگا۔
اس پروگرام کا حصہ بننے کے لیے ضروری ہے کہ کمپیوٹر میں ونڈوز 10 کا تازہ ترین ورژن 22 ایچ 2 انسٹال ہو۔
اس کے بعد کمپیوٹر سیٹنگز اور پھر ونڈوز اپ ڈیٹ میں جاکر وہاں اوپر دائیں کونے میں موجود لنکس کو دیکھیں۔
وہاں یہ لکھا نظر آئے گا کہ ونڈوز 10 سپورٹ اکتوبر 2025 میں ختم ہو رہی ہے اور ڈیوائس کو محفوظ رکھنے کے لیے ایکسٹینڈڈ سکیورٹی اپ ڈیٹس کا حصہ بنیں۔
اس کے نیچے انرول کا لنک ہوگا جس پر آپ کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ اپنی سیٹنگز کو ون ڈرائیو کے ساتھ sync کریں، 30 ڈالرز فیس ادا کریں یا ایک ہزار مائیکرو سافٹ ریورڈز پوائنٹس کو استعمال کریں۔
آپ اس پروگرام کا حصہ 13 اکتوبر 2026 سے قبل کسی بھی وقت بن سکتے ہیں۔