ویرانی بنی بھولی بسری یاد فیصل آباد کا میدان پھر آباد ،17 سال بعد وینیو پر انٹرنیشنل میچ کی تیاریاں مکمل ہو گئیں، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا مقابلہ آج ہوگا۔
گرین شرٹس فتح کی راہ پر گامزن رہنے کیلیے پراعتماد ہیں، شاہین شاہ آفریدی نے نئی طرز میں کپتانی کے کامیاب آغاز کیلیے کمر کس لی ہے۔
بیٹنگ لائن کو ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، ٹاپ آرڈر پر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے کی ذمہ داری عائد ہوگی، بولنگ اٹیک بھی حریف سائیڈ کے جلد قدم اکھاڑنے کی کوشش کرے گا۔
گزشتہ روز دونوں ٹیموں نے ٹریننگ سیشن میں تیاریوں کو حتمی شکل دے دی، ٹرافی کی رونمائی بھی کردی گئی، شاہین اور جنوبی افریقی ہم منصب میتھیو بریٹزکی دونوں ہی اسے اپنا بنانے کیلیے بے چین ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز منگل کو فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔
اس سے قبل 2 ٹیسٹ کی سیریز 1-1 سے برابر رہی جبکہ ٹی 20 میں گرین شرٹس نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
پلیئرز اب ون ڈے سیریز میں بھی حریف کو قابو کرنے کیلیے پراعتماد ہیں، شاہین شاہ آفریدی ون ڈے کپتانی کی شروعات کریں گے، انھیں محمد رضوان کی جگہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔