راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پاکستان پر پہلی اننگز میں 71 رنز کی برتری حاصل کرلی، جبکہ گرین شرٹس کی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا — صرف 16 رنز پر 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
مہمان ٹیم کے نچلے نمبروں کے بلے بازوں نے شاندار مزاحمت دکھاتے ہوئے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ جنوبی افریقہ نے آخری تین وکٹوں پر 194 قیمتی رنز جوڑ کر پہلی اننگز میں برتری حاصل کی۔
پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا، تاہم اوپنرز ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے۔ امام الحق 9، عبداللہ شفیق 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ کپتان شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
دن کے آغاز پر جنوبی افریقہ نے اپنی نامکمل اننگز 185 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی۔
آصف آفریدی نے ابتدائی اوور میں ڈیولڈ بریوس کو آؤٹ کر کے دن کا آغاز کیا، پھر کائل ویرینے اور سیٹ بلے باز ٹریسٹن اسٹبس کو بھی شکار بنایا، یوں انہوں نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کر کے تاریخ رقم کی۔
آٹھ کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد سینورن متھوسوامے اور کیشو مہاراج نے 71 رنز کی شراکت قائم کی، جب کہ متھوسوامے نے ربادا کے ساتھ مل کر مزید 98 رنز کا اضافہ کیا۔ دونوں کے عمدہ کھیل کی بدولت جنوبی افریقہ 404 رنز تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔
کگیسو ربادا 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنا کر آصف آفریدی کا چھٹا شکار بنے جبکہ متھوسوامے 89 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے آصف آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو وکٹیں نعمان علی کے حصے میں آئی اور ایک ایک کھلاڑی کو شاہین آفریدی اور ساجد خان نے آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 333 رنز اسکور کیے تھے جس میں کپتان شان مسعود نے 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جبکہ سعود شکیل نے 66 اور عبداللہ شفیق نے 57 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کیشوو مہاراج نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔