ویمنز ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 125 رنز سے شکست دے کر پہلی بار فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، پروٹیز ویمنز کپتان لورا وولوراڈٹ نے تاریخی 143 گیندوں پر 169 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو پہلی بار فائنل میں جگہ دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
گوہاٹی میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم جنوبی افریقہ کے 320 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 194 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، ابتدائی 3 بیٹرز کھاتہ بھی کھول نہ سکیں، ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد مڈل آرڈر میں کپتان نیٹ سیور برنٹ نے مزاحمت کرتے ہوئے 64 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، ایلس کیپسی نے بھی 50 رنز بنا کر کپتان کا ساتھ دیا، جبکہ ڈینی وائٹ 34 رنز بنا کر ہمت ہار گئی۔
مڈل آرڈر کے پویلین لوٹنے کے بعد لوئر مڈل آرڈر بھی ٹاپ آرڈر کی طرح بُری طرح ناکام رہا اور پوری ٹیم 194 کے مجموعے پر ٹرافی کی حسرت لیے گھر واپس لوٹنے پر مجبور ہو گئی۔ پروٹیز باؤلر میریزن کیپ نے صرف 20 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کی پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل، جنوبی افریقی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان لورا وولوراڈٹ کی ریکارڈ 143 گیندوں پر 169 رنز کی اننگز کی بدولت 7 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔
لورا وولوراڈٹ نے اننگز کے آغاز کے ساتھ ہی انگلش باؤلرز پر تابڑ توڑ حملے جاری رکھے اور میدان کے چاروں اطراف شاٹس کھیل کر مجموعی ٹوٹل کو آگے بڑھانے میں کامیاب رہیں، دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والی جارحانہ بیٹر نے 20 چوکے اور 4 چھکے بھی ریکارڈ بک میں شامل کیے۔ تزمین برٹس 45، میریزن کیپ 42 اور کلوئی ٹریون نے 33 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اضافہ کیا۔
واضح رہے کہ ویمنز ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل 30 اکتوبر کو میزبان بھارت اور فیورٹ آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ میگا ایونٹ کی ٹرافی کے لیے جنگ 2 نومبر کو ڈی وائے پٹیل اسٹیڈیم میں لڑی جائے گی۔