38 سال کی عمر میں آصف کا ٹیسٹ ڈیبیو، شاہین کی شرارت نے سب کو ہنسا دیا

فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے 38 سالہ اسپنر آصف آفریدی کو ان کی پہلی ٹیسٹ کیپ پیش کی فائل فوٹو فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے 38 سالہ اسپنر آصف آفریدی کو ان کی پہلی ٹیسٹ کیپ پیش کی

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ سے قبل ایک یادگار لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے 38 سالہ اسپنر آصف آفریدی کو ان کی پہلی ٹیسٹ کیپ پیش کی۔ آصف آفریدی اس کے ساتھ ہی پاکستان کی تاریخ کے تیسرے سب سے زیادہ عمر میں ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری ویڈیو میں شاہین شاہ آفریدی کو آصف آفریدی کے ساتھ اپنی پرانی یادیں تازہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

شاہین نے کہا آصف بھائی جب اپنی جوانی میں تھے تو میں اپنے بھائی کے ساتھ گراؤنڈ میں ان کے میچ دیکھنے جایا کرتا تھا۔ انہوں نے ہمیشہ محنت جاری رکھی، کبھی ہار نہیں مانی، ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل شاندار کارکردگی دکھائی اور اب وہ اپنی محنت کا پھل پا رہے ہیں۔ آپ واقعی اس اعزاز کے حقدار ہیں۔

شاہین کی گفتگو پر ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے تالیاں بجا کر آصف آفریدی کو داد دی، اور یہ لمحہ ڈریسنگ روم کے خوشگوار ماحول میں سب کے چہروں پر مسکراہٹیں لے آیا۔

شائقینِ کرکٹ نے سوشل میڈیا پر اس منظر کو “خلوص اور محنت کا خوبصورت اظہار” قرار دیا، جہاں ایک سینئر کھلاڑی کے احترام اور جذبے نے سب کے دل جیت لیے۔

آصف آفریدی کون ہیں؟

پشاور سے تعلق رکھنے والے آصف آفریدی نے 57 فرسٹ کلاس میچز میں 198 وکٹیں حاصل کیں۔ حالیہ حنیف محمد ٹرافی میں وہ صرف پانچ میچز میں 33 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے ٹاپ بالر رہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آصف آفریدی نے 38 سال اور 299 دن کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور یوں وہ پاکستان کے تیسرے سب سے عمر رسیدہ ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔

ان سے پہلے یہ اعزاز مِیران بخش (47 سال)اور امیر الہیٰ (44 سال) کے پاس ہے۔

install suchtv android app on google app store