ایشیا کپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان، بابر اور رضوان جگہ بنانے میں ناکام

سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ فائل فوٹو سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ اور سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور چیف سلیکٹر عاقب جاوید نے اتوار کے روز لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کا باضابطہ اعلان کیا۔

اہم بات یہ ہے کہ بابراعظم اور محمد رضوان اس بار اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

پریس کانفرنس میں عاقب جاوید نے واضح کیا کہ ٹیم میں انتخاب کا واحد معیار کارکردگی ہے۔ ان کے مطابق جو کھلاڑی اچھی پرفارمنس دے گا، وہی جگہ بنانے کا اہل ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابراعظم اور محمد رضوان سمیت کسی بھی کھلاڑی کو ٹیم سے مستقل طور پر باہر نہیں کیا گیا، ہر کھلاڑی کے پاس یہ موقع موجود ہے کہ بہتر کھیل دکھا کر دوبارہ قومی ٹیم کا حصہ بنے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سب کی نظریں پاک بھارت میچ پر ہیں اور یہ پاکستانی ٹیم بھارت کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اعتماد کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا کیونکہ یہ موقع ان کے لیے اپنی صلاحیت ثابت کرنے کا بہترین امتحان ہے۔

ٹیم کی قیادت اس بار آل راؤنڈر سلمان آغا کے سپرد کی گئی ہے جو پہلی بار قومی ٹیم کو کسی بڑے ٹورنامنٹ میں لیڈ کریں گے۔

منتخب کھلاڑیوں میں سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فاران، صائم ایوب، سلمان مرزا، شاہین شاہ آفریدی اور صفیان مقیم شامل ہیں۔

سلیکشن کمیٹی کے مطابق اسکواڈ نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کے امتزاج پر مشتمل ہے تاکہ ٹیم کو نئی توانائی کے ساتھ میدان میں اتارا جا سکے۔

شائقین کرکٹ کے لیے یہ اعلان حیران کن بھی ہے کیونکہ کئی سالوں بعد بابر اعظم اور رضوان جیسے بڑے نام کسی بڑے ایونٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

install suchtv android app on google app store