گورنر سندھ کی چینی نائب وزیر برائے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ سے ملاقات، معاہدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور

گورنر سندھ کی چینی نائب وزیر سے ملاقات، معاہدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور فائل فوٹو گورنر سندھ کی چینی نائب وزیر سے ملاقات، معاہدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کی نائب وزیر برائے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ سن ہائییان سے بیجنگ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان طے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کو عملی جامہ پہنانے کا یہ بہترین لمحہ ہے اس موقع سے فوری طور پر فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور سن ہائییان سے ملاقات کا دورانیہ 45 منٹ طے تھا تاہم یہ ملاقات پونے 2 گھنٹے جاری رہی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور معاہدوں پر عمل سے متعلق بات چیت کی گئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور عوام معاشی ترقی کے لیے متحد ہیں اور ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت دے رہا ہے۔

ترجمان گورنر سندھ کے مطابق سن ہائییان نے کامران ٹیسوری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان میں عوامی گورنر کے طور پر مشہور ہیں اور یہ عوام کے اعتماد اور ان کی محبت کا ثبوت ہے۔

گورنر سندھ نے سن ہائییان کو پاکستان آنے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی کے بارے میں پراپیگنڈہ چینی سرمایہ کاروں کو دور کرنے کی سازش ہے، درحقیقت بھارتی اسپانسرڈ خوارج پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں، ان سے نمٹنے کے لیے افواج پاکستان اور عوام دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سن ہائییان کراچی آئیں تو وہ خود انہیں برنس روڈ لے جا کر کٹاکٹ اور کڑک چائے پیش کریں گے، سن ہائییان نے دورہ پاکستان کی یہ دعوت قبول کرلی۔

سندھ کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ اور عوامی سطح پر مقبولیت کے لحاظ سے ایم کیوایم پاکستان ملک کی تیسری بڑی جماعت ہے اور ان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ ایم کیوایم کے نہ صرف گورنر بلکہ ڈپٹی کنوینیئر بھی ہیں۔ گورنر سندھ نے سن ہائییان سے کہا کہ آج تک آپ ایک سو اٹہتر ممالک کی سات سو سیاسی جماعتوں سے ڈیل کرتی تھیں،سیاسی جماعتوں کے لحاظ سے یہ تعداد آج بڑھ کر سات سو ایک ہوگئی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ایک ایسے موقع پر کہ جب سی پیک فیز ٹو کا آغاز کیا جارہا ہے، یہ وقت ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورہ چین میں طے پائے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس وقت پوری قوم بھارت کے خلاف جنگ میں فتح سے ہمکنار کرنے میں ٹیکنالوجیکل کردار پر چین کی مشکور ہے اور منتظر ہے کہ سی پیک کو آگے بڑھایا جائے تاکہ اس کے ثمرات لوگوں تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج اگر بھارت کو ناکوں چنے چبوا سکتی ہے تو چینی سرمایہ کاروں کو سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ملک کی سیاسی صورتحال پربات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں سیاسی استحکام ہے، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سمیت تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔

اپنے کاروباری پس منظر کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ اور بزنس ٹو بزنس ڈیل کے لیے اس سے زیادہ موزوں حالات شاید پہلے کبھی نہیں تھے کیونکہ ملک میں اس بات پر اتفاق رائے ہے کہ حکومت بدلے تو بھی پاک چین منصوبوں کا تسلسل یقینی بنایا جائے گا کیونکہ یہی ملک کے معاشی استحکام کی کنجی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو چین میں جوائنٹ وینچر پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے اور ساتھ ہی چینی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان میں جوائنٹ وینچر یا براہ راست سرمایہ لگائیں تاکہ ہنر مند نوجوان پاکستانیوں کوبہتر روزگار مل سکے ۔

گورنر سندھ نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کی نائب وزیر برائے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کو بتایا کہ انہوں نے عہدہ سنبھالتے ہی گورنر ہاؤس کراچی کے دروازے عوام کے لیے کھول دیے تھے، 50 ہزار بچوں کو آئی ٹی کی جدید تعلیم دی جارہی ہے، 10 لاکھ سےزائد مفت راشن باکسز تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ طلبہ کو لیپ ٹاپ اور ضرورت مندوں کو موٹرسائیکل، رکشہ اور سولر پینلز بانٹے جارہے ہیں تاکہ لوگ اپنے پیروں پر کھڑے ہوں۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری ایک ہفتے کے دورہ چین کے پہلے مرحلے میں بدھ کو شنگھائی پہنچے تھے جہاں چینی حکام اور پاکستانی قونصل خانے کے عملے نے ان کا استقبال کیا تھا۔ گورنر سندھ بیجنگ میں قیام کے بعد ہانگزو کا بھی دورہ کریں گے۔

install suchtv android app on google app store