پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق کراچی کے میں شدید بارش کی وجہ سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا۔
پی اے اے کے ترجمان سیف اللہ خان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دن کے دوران خراب موسم کے باعث کئی پروازیں متاثر ہوئیں۔
متاثرہ پروازوں میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی کراچی سے لاہور پی کے 304 شامل تھی، جو دوپہر 2 بجے کے لیے طے تھی لیکن شام 5 بجے تک تاخیر کا شکار ہوئی۔
پی آئی اے کی کراچی سے کوئٹہ اور سکھر کی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں، جبکہ اسلام آباد جانے والی پرواز شام 5 بجے تک ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔
پی آئی اے نے بھی ایک الگ بیان میں تصدیق کی کہ کراچی اور اسلام آباد میں خراب موسم کی وجہ سے اس کا فلائٹ آپریشن متاثر ہوا۔
پی آئی اے کے کارپوریٹ کمیونیکیشن ڈویژن کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد اور کراچی میں خراب موسم، تیز ہواؤں اور بارش کی وجہ سے پی آئی اے کی پروازوں کی نقل و حرکت میں معمولی تبدیلی آئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ خراب موسم کی وجہ سے پروازوں میں تاخیر ہو سکتی ہے، بیان میں مزید کہا گیا کہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے بارے میں معلومات کے لیے 786-786-111 پر پی آئی اے کال سینٹر سے رابطہ کریں۔
پی اے اے کے مطابق دبئی سے کراچی جانے والی فلائی دبئی کی پرواز کو ملتان کی طرف موڑ دیا گیا جس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔
کراچی میں موسم کی خرابی کے باعث فلائی جناح کی پشاور سے کراچی جانے والی پرواز بھی 2 گھنٹے لیٹ ہوئی۔
ادھر، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق میئر مرتضیٰ وہاب نے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ اس نے ضروری خدمات کے محکموں کے لیے ہفتہ وار تعطیلات سمیت ہر قسم کی (چھٹی) منسوخ کر دیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں شدید بارش نے جل تھل ایک کردیا، کئی سڑکیں ڈوب گئیں، ریڈ لائن منصوبے سمیت ادھورے ترقیاتی کاموں نے شہریوں کو دہری مشکل میں مبتلا کردیا، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج صبح 8 تا شام 5 بجے تک سب سے زیادہ 145 ملی میٹر بارش گلشن حدید میں ریکارڈ کی گئی، ملیر لیاقت مارکیٹ اور سرجانی ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، دیواریں گرنے کے واقعات میں 4 بچوں سمیت متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔