خیبر پختونخوا میں وزارتِ اعلیٰ کے انتخاب کے سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں نے اپنے امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اپوزیشن جماعتیں ایک متفقہ امیدوار لانے پر مشاورت کر رہی ہیں، تاہم ابھی تک کسی ایک نام پر مکمل اتفاق نہیں ہو سکا۔
ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اپنے اپنے امیدواروں کے نام حتمی طور پر طے کر لیے ہیں۔
جے یو آئی (ف) کی جانب سے اکرم خان درانی یا مولانا لطف الرحمان کو امیدوار بنانے پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ڈاکٹر عباداللہ مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
اس حوالے سے جے یو آئی (ف) کے صوبائی امیر مولانا عطا الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں وزارتِ اعلیٰ کے لیے اپنے امیدوار نامزد کریں گی، کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانا آئینی اور قانونی حق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متفقہ امیدوار کے لیے مشاورت کا عمل جاری ہے اور جلد فیصلہ متوقع ہے۔
دوسری جانب کے پی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے جبکہ وزارت اعلیٰ کے لیے اپوزیشن کی جانب سے مفتقہ امیدوار کھڑا کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کا حکم دیا تھا اور ان کی جگہ سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے جس کے بعد علی امین نے وزارت اعلیٰ کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔