خیبرپختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کو صوبے کے سب سے کم عمر ترین وزیراعلیٰ کا اعزاز بھی حاصل ہوگا ساتھ ہی وہ قبائلی علاقہ جات سے بننے والے پہلے وزیر اعلیٰ بھی ہوں گے۔
ان سے قبل امیر حیدر ہوتی نے 37 سال کی عمر میں صوبے کی وزارت اعلیٰ سنبھالی تھی تاہم اب سہیل آفریدی 36 سال کی عمر میں وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالیں گے۔
محمد سہیل آفریدی کو سابقہ قبائلی علاقہ جات سے پہلا وزیراعلیٰ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوگا۔ قبائلی علاقہ جات کے صوبے میں انضمام کے بعد وہ ضلع خیبر سے منتخب ہوئے اور وہیں کے ڈومیسائل پر اب قبائلی علاقہ جات سے پہلے وزیراعلیٰ ہوں گے۔
خیبرپختونخوا کے متوقع وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے، وہ 2024 کے عام انتخابات میں پہلی بار ضلع خیبرسے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔ سہیل آفریدی کافی عرصے تک انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے پی کے صدر رہے۔
سہیل آفریدی موجودہ حکومت میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کیمونی کیشن اینڈ ورکس رہے۔تاہم صوبائی کابینہ میں تبدیلی کے بعد سہیل آفریدی کو وزیر برائے ہائر ایجوکیشن بنایا گیا۔ سہیل آفریدی پی ٹی آئی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔