کرک میں دہشتگردوں کے خلاف بڑا آپریشن، 17 خوارج ہلاک، 10 زخمی

خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 17 خوارج ہلاک ہوگئے فائل فوٹو خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 17 خوارج ہلاک ہوگئے

خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 17 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ 7 سے 10 دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ تھانہ شاہ سلیم کے علاقے درشہ خیل میں فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی کی۔

آپریشن خفیہ اطلاعات پر کیا گیا تھا، جن کے مطابق ضلع لکی مروت اور کرک کی سرحدی علاقے میں ملا نذیر گروپ کے دہشت گردوں کی موجودگی پائی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق 22 دہشت گردوں پر مشتمل گروہ کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت گھیرے میں لیا گیا۔

فورسز نے انتہائی مہارت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے 17 خوارج کو ہلاک کیا جبکہ متعدد کو زخمی کر دیا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کا امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ آپریشن مکمل ہونے کے بعد علاقے سے واپسی پر علاقہ مکینوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کا زبردست خیرمقدم کیا اور آپریشن کرکے واپس آنے والے اہلکاروں کے ساتھ جشن منایا۔

واضح رہے کہ 21 ستمبر کو ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے، ہلاک دہشت گردوں میں 2 خودکش بمبار بھی شامل تھے۔

اس سے قبل 11 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے 3 اضلاع شمالی وزیرستان، مہمند اور بنوں میں 9 اور 10 ستمبر کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے۔

آپریشنز کے دوران بھارت کی سرپرستی میں دہشت گردی کرنے والے 19 خوارج کو ہلاک کیا تھا۔

install suchtv android app on google app store