بونیر کے علاقے پیر بابا میں بارش کے بعد شدید سیلابی ریلے کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی، پانی گھروں تک پہنچ گیا اور عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے مساجد سے اعلانات کیے گئے۔ مقامی افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے اور انتظامیہ نے ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر روانہ کر دی ہیں۔
ندی نالوں میں طغیانی کے سبب رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ کھڑی فصلوں اور باغات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم نے بتایا کہ مسلسل بارش کی وجہ سے ضلع میں ہائی الرٹ جاری ہے اور سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بٹئی اور قدر نگر میں پانی کی سطح بلند ہے اور یہ تیزی سے پیربابا خور کی طرف بہہ رہا ہے۔
مرکزی بازار کے عقب تک پانی پہنچ گیا ہے اور عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے اعلانات جاری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ محفوظ مقامات کی نشاندہی کر دی گئی ہے اور ہنگامی صورتحال میں ضرورت پڑنے پر عوام کو سرکاری رہائش گاہوں میں منتقل کیا جائے گا۔
ادھر مالاکنڈ میں بٹ خیلہ، الہ ڈھنڈڈھیری اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 3ستمبر تک ممکنہ بارشوں کے باعث متعدد علاقوں کے لیے سیلاب کا الرٹ جاری کر رکھا ہے ۔
این ڈی ایم اے کے مطابق نشیبی علاقے زیر آب آنے، پشتوں میں شگاف، فصلوں اور بستیوں کے زیرِآب آنے کا خدشہ ہے۔