خیبر پختونخوا: سیلاب سے اموات کی نئی تفصیلات سامنے آگئیں

خیبرپختونخوا نے 15 اگست سے جاری بارشوں اور سیلابی صورتحال سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کردی ہے۔ فائل فوٹو خیبرپختونخوا نے 15 اگست سے جاری بارشوں اور سیلابی صورتحال سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کردی ہے۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے 15 اگست سے جاری بارشوں اور سیلابی صورتحال سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات میں اب تک 406 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 247 افراد زخمی ہوئے۔

جاں بحق افراد میں 305 مرد، 55 خواتین اور 46 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں میں 179 مرد، 38 خواتین اور 30 بچے شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ بارشوں اور فلیش فلڈز کے باعث 3 ہزار 526 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کے مطابق سیلاب متاثرین میں امدادی رقم کی تقسیم جاری ہے۔

اب تک 307 جاں بحق افراد کے لواحقین میں 61 کروڑ 40 لاکھ روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی 89 متاثرہ خاندانوں کو بھی جلد امداد فراہم کی جائے گی۔

ان کے مطابق بونیر میں 237 جاں بحق افراد کے ورثا کو 33 کروڑ 20 لاکھ روپے، سوات میں 20 لواحقین کو 4 کروڑ روپے جبکہ شانگلہ میں 36 جاں بحق افراد کے ورثا کو 7 کروڑ 20 لاکھ روپے دیے گئے ہیں۔

چیف سیکرٹری کے مطابق صوابی میں 42 ، دیر لوئر میں 5 ، بٹگرام میں 3 جاں بحق افراد کے خاندانوں میں بھی رقم تقسیم کی گئی۔

باجوڑ میں سیلاب سے جاں بحق22 افراد میں سے 21 کے لواحقین کو بھی امدادی رقم دی گئی، مانسہرہ میں 25 جاں بحق افراد میں سے 14 کے ورثا میں 2 کروڑ 80 لاکھ روپے تقسیم کیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں میں بھی امدادی چیک تقسیم کردیے گئے ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کا خیال رکھا جا رہا ہے، حکومت متاثرہ علاقوں کی دوبارہ بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

install suchtv android app on google app store