آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی پر بھارتی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔
بھارت کی ہٹ دھرمی میں کمی نہ آسکی۔ اس کا جنگی جنون زور پکڑتا جارہا ہے۔ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر آئے روز فائرنگ کرکے بے گناہوں کو موت کی نیند سلانے میں مصروف ہے۔
پاک بھارت کنٹرول لائن پر بھارتی فوج نے ایک بار پھر اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نکیال سیکٹر کے علاقے ڈھیری میں شدید فائرنگ کی، جس سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔ اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایسی صورتحال میں لوگ اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے۔
بھارتی فوج کی جارحیت پر پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی بندوقوں کو خاموش کرا دیا۔ اس سے قبل بھی بھارتی فوج لائن آف کنٹرول کی متعدد بار خلاف ورزی کر چکی ہے، جس سے پاک فوج کے کئی جوان اور شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔