پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی فوجی قیادت کے من گھڑت اور اشتعال انگیز بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے اور جنگی بیانات جنوبی ایشیا کے امن کے لیے سنگین نتائج پیدا کر سکتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انتہائی تشویش کے ساتھ یہ بات نوٹ کی گئی ہے کہ بھارتی فوجی قیادت ایک بار پھر پرانا، من گھڑت اور اشتعال انگیز پروپیگنڈا دہرا رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ "معرکۂ حق" کے پانچ ماہ بعد بھارتی قیادت نے دوبارہ جھوٹے دعوے دہرانا شروع کیے ہیں، جو ان کی شکست کو تسلیم نہ کرنے کی علامت ہے۔
ترجمان کے مطابق بھارتی قیادت کا یہ طرزِ عمل بہار اور مغربی بنگال کے انتخابات کے پیش نظر سیاسی مقاصد کے لیے اپنایا گیا لگتا ہے۔ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ بھارتی فوج اور سیاسی قیادت "معرکۂ حق" میں ہوئی فیصلہ کن شکست کو ابھی تک ہضم نہیں کر پائی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کی جھوٹ پر مبنی کہانیاں بے نقاب ہو چکی ہیں، اور اب دنیا بخوبی جانتی ہے کہ بھارت سرحد پار دہشت گردی اور خطے میں عدم استحکام کا اصل ذریعہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت اپنے عوام اور ہمسایہ ممالک کے مفاد کے منافی مہم جوئی اور بالادستی کی پالیسیوں پر گامزن ہے، تاہم پاکستانی عوام اور افواج اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار اور پُرعزم ہیں۔
شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بھارتی مسلح افواج اور اس کے سیاسی آقاؤں کو پاکستانی صلاحیت اور عزم کو سمجھ لینا چاہیے، ہر جارحیتی اقدام کا جواب تیز، پختہ اور بھرپور انداز میں دیا جائے گا،جو اگلی نسلیں یاد رکھیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی عوام اور بین الاقوامی برادری کو جھوٹ باور کروائے جا رہےہیں، ہرپیشہ ور فوجی جانتا ہوگا کہ غیرضروری گھمنڈ اوربےجا بیانات جنگی جنون بڑھا سکتےہیں، ایسےعمل سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔