گلگت بلتستان اور چترال کے عوام کا دو روزہ ثقافتی میلہ اسلام آباد میں سجایا گیا جس میں گلگت بلتستان اور چترال کی تہذیب و ثقافت کے خوب رنگ بکھیرے گئے۔
وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے پر فضا تقریحی مقام شکر پڑیاں پر سجا یا گیا پریوں کی دیس گلگت بلتستان اور چترال کے باسیوں کا ثقافتی میلہ پامیر آرٹس اینڈ کلچر انیشیٹو کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا۔
اس میلے میں گلگت بلتستان اور چترال کے فنکاروں، ادیبوں اور سکالرز سمیت اسلام آباد میں مقیم گلگت بلتستان کی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پرعلاقائی گیتوں اورروائتی دھنوں پر شرکا نے والہانہ رقص کر کے محفل کو گرما دیا۔
بزرگوں نے مخصوص علاقائی لباس زیب تن کر کے رقص کیا تو سارا پنڈال جھومنے پر مجبور ہو گیا۔ منتظمین کے مطابق میلے کا مقصد ایک ایسے وقت میں مفاہمت ،امن اورہم آہنگی کوفروغ دیناہے جب ان اقدار کو انتہاپسندوں کے ہاتھوں بری طرح سے نقصان پہنچایا گیا ہے۔