ملک کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بچائو اور امداد کی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات مشتاق غنی نے بتایا کہ صوبے میں امدادی سرگرمیاں زور وشور سے جاری ہیں۔
انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کیلئے فی کس ایک ایک لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
خیبر پختونخوا کےقدرتی آفات سے نمٹنےکےادارے کے ڈائریکٹرجنرل عامرآفاق نےکہا کہ متاثرین زلزلہ میں کمبل ، خیمے اور غذائی اشیاء تقسیم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج امدادی سرگرمیوں میں مکمل معاونت کررہی ہے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ علاقے میں امداد اور بچائو کی سرگرمیاں احسن طریقے سے جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ہمیں ہدایت کی ہے کہ متاثرہ افراد کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔