وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان گلگت پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ، جگلوٹ سکردو روڈ پر بہہ جانے والے ستک پل کا معائنہ اور جائزہ لیا ۔
تفصیلات کے مطابق عبدالعلیم خان نے کہا کہ سکردو روڈ کم سے کم وقت میں دو طرفہ ٹریفک کیلئے بحال کر دی گئی، این ایچ اے نے ہیوی مشینری کے ذریعے دن رات بحالی کا کام جاری رکھا۔
عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ آبشار سے گرنے والے پانی کو سڑک کے نیچے سے گزارا جائے پہاڑوں سے آنے والے پانی سے سڑکوں اور مسافروں دونوں کو محفوظ رکھا جائے، متاثرہ شاہراہوں پر این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او نے مشترکہ خدمات سر انجام دیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں کی بحالی کا مشن جاری رکھیں گے،وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی گفتگو
شمالی علاقہ جات میں روڈ انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، این ایچ اے حکام مکمل طور پر سرگرم عمل ہے ، دن رات کام ہو رہا ہے، صوبائی حکومت سے مکمل رابطے میں ہیں،تعمیر و مرمت جلد مکمل ہوگی۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے شمالی علاقہ جات میں بارشوں سے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ، انہوں نے سینئر افسران کو موقع پر ہدایات دیں اور بہتر کارکردگی پر شاباش بھی دی ۔
وفاقی سیکرٹری مواصلات اور سینئر افسران نے وفاقی وزیر کو اب تک کی صورتحال پر بریفنگ دی، بتایا گیا کہ جگلوٹ سکردو روڈ کو شدید نقصان پہنچا تھا کئی جگہوں پر ابھی بھی مرمت کا کام جاری ہے۔