گلگت بلتستان حکومت نے دیامر میں سیلاب کی زد میں آکر لاپتا ہونے والے سیاحوں کی لاشیں نکالنے کے لیے 14 روز سے جاری سرچ آپریشن ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا کہ سیلاب کے ملبے میں دب جانے والے سیاحوں اور مقامی لوگوں کی تمام گاڑیاں نکال لی گئی ہیں، مگر 2 ہفتوں سے لاشوں کو نکالنے کے لیے تمام تر کوششوں کے باجود کامیابی نہیں ملی، اس لیے لاشیں نکالنے کا کام ختم کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے اختتام پر دیامر میں تمام لاپتا افراد کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ بابوسر کے علاقے میں 20 جولائی کو آنے والے سیلاب میں 20 گاڑیاں اور متعدد سیاح سیلاب میں بہہ کر لاپتا ہو گئے تھے، جن میں سے 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئی تھیں۔
نجی ٹی وی کی اینکر شبانہ لیاقت کے خاندان کے 4 افراد اور ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کے 2 افراد سمیت 12 سیاحوں کی لاشوں کی تلاش کا عمل تاحال جاری تھا۔
پاک آرمی کے جوان سراغ رساں کتوں اور ڈیڈیکٹرز کی مدد سے سیلاب کے ملبے میں لاشیں تلاش کر رہے تھے، تاہم آج پیر کے روز حکومت نے لاشوں کی تلاش کے لیے جاری سرچ آپریشن ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔