پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ اہم سنگ میل کے طور پر سامنے آیا، شیری رحمان

شیری رحمان کے مطابق معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم کردار ادا کرے گا فائل فوٹو شیری رحمان کے مطابق معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم کردار ادا کرے گا

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں دفاعی معاہدہ اہم اور تاریخی سنگ میل ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ دفاعی معاہدے میں واضح کہا گیا ہے ایک ملک پر حملہ دوسرے ملک پر حملہ سمجھا جائے گا۔

شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان نے معرکہ حق کے بعد دنیا کو باور کروا دیا ہے وہ اپنا دفاع کر سکتا ہے، اسرائیل اور بھارت اقوام عالم کو منہ چڑا رہے ہیں، پاکستان میں کوئی بہتری ہوتی ہے تو بھارت کو بہت مرچیں لگتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنا سوچے، اپنے ملک کو دیکھے اور اپنے دفاع کو دیکھے، پاکستان کی طرف سے بھارت کو آپریشن بُنیان مرصوص کی صورت جواب مل گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن نے تنبیہ کی لیکن اسرائیل کے حملے چلتے چلے جا رہے ہیں۔

پاکستان اور سعودی عرب میں بڑا دفاعی معاہدہ طے پایا ہے جس پر وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دستخط کیے۔

معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو بڑھانے کیلیے مشترکہ عزم کی عکاسی ہے، خطے اور دنیا میں سلامتی و امن کے حصول کیلیے مشترکہ عزم ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ معاہدے کا مقصد کسی بھی جارحیت کیخلاف مشترکہ دفاع و تحفظ مضبوط بنانا ہے کسی ملک کے خلاف جارحیت دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور ہوگی۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی اہم ملاقات ہوئی جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ودیگر وزرا بھی شریک تھے۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور دفاعی تعاون پر گفتگو کی گئی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

install suchtv android app on google app store