پاکستان میں موٹر سائیکل اور رکشوں کی فروخت میں اگست 2025 میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پاکستان آٹو موبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق موٹر سائیکل اور رکشوں کی اگست میں مجموعی فروخت 148,063 یونٹس تک پہنچی، یہ فروخت گزشتہ سال کے مقابلے میں 42 فیصد زیادہ اور پچھلے مہینے کے مقابلے میں 19 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے ۔
مالی سال 2026 کے پہلے دو ماہ میں مجموعی فروخت 273,000 یونٹس رہی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 44 فیصد زیادہ ہے، تجزیہ کاروں کے مطابق فروخت میں اضافہ کم افراط زر کے دباؤ، دیہی علاقوں میں بڑھتی ہوئی طلب اور دو پہیہ گاڑیوں کی خریداری کے لیے کاروں کے مقابلے میں زیادہ سستی فنانسنگ کی وجہ سے ہوا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ شعبہ روزانہ آمد و رفت اور تجارتی استعمال کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، خاص طور پر شہری اور نیم شہری علاقوں میں روزمرہ آمد و رفت اور تجارتی استعمال کے لیے انتہائی اہم ہے، جہاں موٹر سائیکل اور رکشے مقامی نقل و حمل میں غالب ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق سال 2025 کے ابتدائی مہینوں میں سیلاب اور مہنگائی کے چیلنجز کے باوجود، دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی طلب مالی سال 2026 میں مضبوط رہنے کی توقع ہے، جس کی حمایت قیمتوں کی افورڈ ایبلٹی اور سستی نقل و حمل کی بڑھتی ہوئی ضرورت کر رہی ہے۔