حب پاور کمپنی (حبکو) نے انکشاف کیا ہے کہ بی وائی ڈی (BYD) نے 6 ماہ سے کم عرصے میں 2 ہزار سے زائد گاڑیاں فروخت کی ہیں، جب کہ اس کے شارک ماڈل کے لیے مزید 500 سے زیادہ آرڈرز دیے جا چکے ہیں، کمپنی فی الحال مکمل طور پر تیار شدہ گاڑیاں (سی بی یوز) عام ڈیوٹی ریجیم کے تحت درآمد کر رہی ہے۔
گھارو میں ایک کمپلیٹلی ناکڈ ڈاؤن (سی کے ڈی) اسمبلنگ پلانٹ قائم کر رہی ہے، جس کی سالانہ پیداوار کی صلاحیت 25 ہزار یونٹس ہوگی۔ ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے اسد علی کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کی اینالسٹ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی مالی تکمیل 2025 کی آخری سہ ماہی میں متوقع ہے، منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 15 کروڑ ڈالر ہے، جو 60:40 قرض اور ایکویٹی کے تناسب پر مبنی ہے۔
مقامی اور غیر ملکی قرض دہندگان دونوں اس منصوبے میں شامل ہیں اور ایک ٹرم شیٹ پر دستخط ہو چکے ہیں، حبکو کو توقع ہے کہ سی کے ڈی پیداوار آئندہ 24 مہینوں میں شروع ہو جائے گی۔ ملکیت کے حوالے سے کمپنی نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ حب پاور ہولڈنگ (جو حبکو کی مکمل ملکیت والی ذیلی کمپنی ہے) اور میگا کانگلومریٹ کے درمیان 50:50 کی مشترکہ منصوبہ بندی ہے۔
بی وائی ڈی نے اس منصوبے میں کوئی ایکویٹی حصہ نہیں لیا، عالمی سطح پر بی وائی ڈی نے تھائی لینڈ اور برازیل جیسے ممالک میں 100 فیصد ملکیت اختیار کی ہے، جس کی وجہ سے یہ پہلا عالمی اشتراک ہے جس میں اس نے ایکویٹی شراکت نہیں کی۔
ای وی چارجنگ کے حوالے سے کمپنی نے بتایا کہ اگرچہ ابتدائی طور پر چارجرز یورپ سے حاصل کیے گئے تھے، لیکن اب چینی سپلائرز نے انہیں مزید سستا کر دیا ہے، کمپنی نے مزید کہا کہ ای وی چارجنگ اسٹیشن اس وقت مالی طور پر قابل عمل ہوتے ہیں جب ان کا روزانہ کم از کم تین گاڑیوں سے استعمال کیا جائے۔
حبکو آئندہ 6 ماہ میں کراچی-پشاور موٹروے پر ہر 150 سے 200 کلومیٹر کے فاصلے پر چارجنگ اسٹیشنز نصب کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ علاوہ ازیں سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 31 مارچ 2026 تک ٹینک-500 اور کینن پلگ اِن ہائبرڈ وہیکلز (پی ایچ ای ویز) کے سی کے ڈی ماڈلز متعارف کرائے گی۔ کمپنی کی مالی سال 2025 کی سالانہ رپورٹ کے مطابق اس سے قبل 16 اگست 2025 کو اس نے اپنا پہلا سی کے ڈی پی ایچ ای ویز ’ہیول ایچ 6 1.5L‘ لانچ کیا تھا۔