فلپائن کے جنوبی علاقے منڈاناؤ میں امدادی سرگرمیوں کے دوران فلپائنی فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ فوجی حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثہ منگل کے روز پیش آیا۔افسوسناک واقعے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے.
فلپائن کی مسلح افواج کے ترجمان کے مطابق تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر یو ایچ-1 ایچ “سپر ہیوئی” (UH-1H Super Huey) طیارہ تھا، جو طوفان کلمیگی (Kalmaegi) سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان اور عملہ لے کر جا رہا تھا۔ ہیلی کاپٹر مشرقی منڈاناؤ کے کمانڈ سینٹر سے روانہ ہوا اور صوبہ بوٹوان (Butuan) کے ساحلی شہر کی جانب جا رہا تھا کہ دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہوگیا۔
فوج کے مطابق طیارہ ایک اہم انسانی ہمدردی مشن کا حصہ تھا جس کا مقصد طوفان سے تباہ شدہ علاقوں میں خوراک، طبی امداد اور ضروری اشیاء پہنچانا تھا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
واضح رہے طوفان کلمیگی نے گزشتہ ہفتے فلپائن کے کئی جنوبی اور وسطی حصوں میں تباہی مچائی، درجنوں دیہات زیرِ آب آ گئے اور ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے۔ حکومتی اداروں اور فوجی ٹیموں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔