بھارت نے امریکی ٹیرف کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے، برطانوی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت روسی تیل کی درآمدات میں کمی کرنے پر آمادہ ہوگیا۔ بھارت ٹیرف کے معاملے پر امریکا سے بات چیت کی راہیں ڈھونڈنے لگا۔
امریکہ کی جانب سے بھارت پر مجموعی طور پر پچاس فیصد ٹیرف عائد ہونے کے بعد مودی سرکاری شدید دباؤ میں آگئی۔
برطانوی نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے روسی تیل کی درآمدات میں کمی پر آمادگی ظاہر کردی۔
امریکا کی جانب سے بھارت پر پاکستان، ویتنام، انڈونیشیا اور فلپائن سے زیادہ ٹیرف عائد کیا گیا، مودی سرکار خوفزدہ ہے کہ اضافی ٹیرف کے بعد بھارتی مصنوعات امریکی منڈی میں مہنگی ہو جائیں گی۔
دوسری جانب بھارت نے امریکا سے دفاعی معاہدے روک دیئے ہیں، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارت نے گاڑیوں، طیاروں اور میزائلز کی خریداری روک دی۔
دو طرفہ تناؤ کے باعث بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے دورہ امریکا بھی منسوخ کردیا گیا۔