مون سون بادلوں نے رنگ جما دیا، پنجاب اورخیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جو درجہ حرارت میں مزید کمی کا باعث بنے گی۔
لاہورکے علاقوں ہربنس پورہ، جلو، تاج باغ اور گردونواح میں ہلکی اورتیزبارش کے بعد ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کا زورتوڑ دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر واسا لاہور مکمل الرٹ ہے، تمام مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز کو کلیئر رکھنے کی ہدایات کر دیں۔
اوکاڑا،شیخوپورہ،جڑانوالہ، پتوکی اوراس کے مضافات میں بھی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوارہو گیا، خوشاب میں بارش کے باعث بجلی کے متعدد فیڈرٹرپ کرگئے،سرگودھا اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے گرمی اور حبس کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے۔
کرک شہراورمضافات میں بھی بارش ہوئی، بلوچستان کے وسط مشرقی علاقوں میں بھی پری مون سون سیزن کا آغاز ہوگیا جبکہ بلتستان ڈویژن میں بھی آج سے بارش کا امکان ہے۔