نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں اچانک پانی بڑھنے سے سیلاب کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر کہا ہے کہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے سسٹم پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے۔ گلگت بلتستان، کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مقامی ندی نالوں میں اچانک پانی بڑھنے سے سیلاب کا خطرہ ہے۔ جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب زدہ علاقوں میں املاک کو نقصان کا بھی خطرہ ہے۔ عوام ندی نالوں اور ڈھلانوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ اور نکاسی آب کے نظام کی صفائی یقینی بنائیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد راولپنڈی میں مزید موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اٹک، چکوال، جہلم اور گرد و نواح میں بھی موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
آندھی اور طوفانی ہوائیں کمزور درختوں کے گرنے اور بجلی کی بندش کا سبب بن سکتی ہیں۔ جبکہ گرد و غبار کے طوفان سے چھتیں، گاڑیاں اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ حکام نے ہدایت کی ہے کہ شہری درختوں، بل بورڈز اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں۔ گاڑیاں محفوظ جگہ پارک کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔