سیلاب متاثرین کے لیے حکومت کا 389 ارب روپے کا ریلیف پیکیج تیار

سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے 389 ارب روپے کا ریلیف پروگرام منظور فائل فوٹو سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے 389 ارب روپے کا ریلیف پروگرام منظور

وفاقی حکومت نے ملک بھر کے سیلاب متاثرین کے لیے 389 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ملک بھر کے سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے 389 ارب روپے کا ریلیف پیکیج تیار کر لیا گیا ہے۔

وفاقج بجٹ میں مختص 389 ارب روپے کے ایمرجنسی فنڈز کی رقم سے وزیراعظم پیکج متعارف کرایا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت آئی ایم ایف کو سیلاب متاثرین کی بحالی کیلیے وزیراعظم پیکیج دینے کی درخواست کرے گی۔

آئی ایم ایف نے سیلاب کے باعث نقصانات پر بنیادی ضروریات کے تخمینے کی رپورٹ مانگ لی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا نے سیلاب متاثرین کے ریلیف کیلیے 40 سے 50 ارب روپے کا تخمینہ پیش کیا ہے۔

سندھ نے 40 ارب روپے کے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ لگایا ہے۔ جب کہ پنجاب بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے لیے ابتدائی ریلیف کا تخمینہ پیش کرے گا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے پانچویں روز این ایف سی اور سیلاب کے باعث نقصانات پر سیشنز ہوئے۔

وزارت خزانہ، سندھ، کے پی اور بلوچستان کے ساتھ بھی مذاکرات ہوئے، جس میں بتایا گیا کہ بلوچستان کو سیلاب کے باعث نقصان نہیں ہوا جب کہ مذاکرات کے چھٹے روز آئی ایم ایف پنجاب حکومت کے افسران سے بریفنگ لے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کے ریلیف کے لیے صوبائی حکومتیں اپنی آمدن بھی بڑھائیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب نے بڑی تباہی مچائی۔ بالخصوص خیبر پختونخوا اور پھر پنجاب میں تاریخ کے بدترین سیلاب کے باعث لاکھوں افراد متاثر ہوئے۔

ملک بھر میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث 900 سے زائد افراد جاں بحق، ہزاروں مویشی بہہ گئے۔

لاکھوں ایکڑ پر کھڑی تیار فصلیں تباہ اور زمینیں بنجر ہو گئیں۔ پانی کے ریلے میں سرکاری انفرااسٹرکچر بھی بہہ گیا۔

install suchtv android app on google app store