اگر آپ کے بچے سوشل میڈیا پر زیادہ وقت گزارتے ہیں تو یہ عادت ان کی تعلیمی قابلیت کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔ یہ بات امریکا ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ 13 سال سے کم عمر جو بچے سوشل میڈیا پر زیادہ وقت گزارتے ہیں، وہ مطالعے، الفاظ کے ذخیرہ اور یادداشت کے ٹیسٹوں میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
تحقیق میں سوشل میڈیا کے استعمال اور نوجوانوں میں ناقص ذہنی قابلیت کے درمیان تعلق کا عندیہ دیا گیا۔ اگرچہ اس حوالے سے کافی تحقیقی کام ہوا مگر زیادہ تر سوشل میڈیا سے بچوں کی ذہنی صحت پر مرتب اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ مگر اس تحقیق میں یہ دیکھا گیا تھا کہ اسکولوں میں جانے والے بچے جب سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں تو ان کی تعلیمی قابلیت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے محققین نے بچوں پر طویل عرصے سے جاری ایک تحقیق کا ڈیٹا استعمال کیا۔
اس طویل المعیاد تحقیق میں 13 سال سے کم عمر ہزاروں بچوں کو شامل کرکے دیکھا گیا تھا کہ لڑکپن میں ان کے دماغوں کی نشوونما کیسی ہوتی ہے۔ اس تحقیق میں شامل 6 ہزار سے زائد بچوں کے ڈیٹا کو نئی تحقیق کے ماہرین نے استعمال کیا، جن کی عمر آغاز میں 9 سے 10 سال کے درمیان تھی تھی اور پھر 13 سال کی عمر تک ان کو مانیٹر کیا گیا۔
ان بچوں کو سوشل میڈیا کے استعمال کو مدنظر رکھ کر 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ 58 فیصد بچے ایسے تھے جو سوشل میڈیا کا نہ ہونے کے برابر یا بالکل بھی استعمال نہیں کرتے تھے۔ 37 فیصد بچے آغاز میں سوشل میڈیا کا کم استعمال کرتے تھے مگر جب وہ 13 سال کی عمر تک پہنچے تو وہ روزانہ کم از کم ایک گھنٹے تک سوشل میڈیا کا استعمال کرنے لگے۔
باقی 6 فیصد بچے ایسے تھے جو کم از کم 3 گھنٹے سوشل میڈیا استعمال کرنے کے عادی تھے۔ تمام گروپس میں شامل بچوں کے ذہنی افعال کو جانچنے کے لیے تحقیق کے آغاز اور اختتام کے قریب مختلف ٹیسٹ مکمل کرائے گئے۔
محققین نے بتایا کہ ہم یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ دوسرے گروپ میں شامل (ایک گھنٹے تک سوشل میڈیا استعمال کرنے والے) بچوں کی ٹیسٹوں میں کارکردگی میں تنزلی دیکھنے میں آئی۔ سوشل میڈیا زیادہ استعمال کرنے والے بچوں نے ٹیسٹوں میں سوشل میڈیا سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں 4 سے 5 پوائنٹس تک کم اسکور حاصل کیا۔
محققین کے مطابق نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ سوشل میڈیا ایپس سے بچوں کی ذہانت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، یہاں تک کہ مختصر وقت تک استعمال کرنے سے بھی ایسا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ٹیسٹوں میں چند پوائنٹس کم لینا کچھ زیادہ بدتر محسوس نہیں ہوتا مگر عمر میں اضافے کے ساتھ سوشل میڈیا پر گزارے جانے والا وقت بھی بڑھے گا جس کا مطلب یہ ہے کہ ذہنی افعال زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔ اس تحقیق نتائج جرنل JAMA میں شائع ہوئے۔