پاکستانی گلوکار و اداکار فرحان سعید نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بھارت میں پاکستان کے مشہور ملی نغمے ’ دل دل پاکستان ‘ گانے کے بعد بڑے ہجوم کے حملے سے بال بال بچے۔
فرحان سعید حال ہی میں جیو نیوز کے پروگرام ’ ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئے جس دوران انہوں نے اپنے کیرئیر سمیت ماضی میں بھارت کے دورے پر بھی بات کی۔
اس دوران فرحان سعید نے بتایا ‘ میں نے میوزیکل بینڈ کے ساتھ امن کی آشا کے وقت بھارت کا دورہ کیا تھا۔
اس وقت میں دہلی میں ’ عادت ‘ پرفارم کررہا تھا جس دوران میں نے اچانک سے پاکستان کا مشہور ملی نغمہ ’ دل دل پاکستان ‘ گانا شروع کردیا۔
اس کے بعد میں نے’ جان جان ہندوستان‘ کہا تو دہلی میں ہونیوالا یہ کانسرٹ سپر ہٹ ہوگیا۔
اس وقت کانسرٹ میں شریک 25 سے 30 ہزار لوگ ہمارے ساتھ ’دل دل پاکستان اور جان جان ہندوستان‘ گارہے تھے‘۔
گلوکار کے مطابق ’کانسرٹ سے واپسی پر آرگنائزر سمیت ہم سب بے حد خوش تھے۔
اس کے 2 روز بعد جب ہم کلکتہ میں کانسرٹ کررہے تھے تو ہمارا آخری گانا ختم بھی نہیں ہوا تھا۔
آرگنائزر میں شامل ایک شخص نے مجھ سمیت میرے بینڈ کے لوگوں کے کانوں میں جاکر کہا کہ اس گانے کے فوری بعد گاڑی میں بیٹھ جاؤ۔
ہمارے گاڑی میں بیٹھتے ہی وہ لوگ ہمیں لے کر وہاں سے نکل پڑے‘۔
فرحان سعید نے مزید بتایا کہ‘ہمیں سمجھ نہیں آرہا تھا کہ اچانک ایسا کیا ہوا کہ ہمیں فوری طور پر لے جایا گیا۔
اس دوران ہمیں فون پر بتایا گیا کہ کانسرٹ میں 300 سے 400 افراد ہمیں مارنے کیلئے اکٹھے ہوگئے تھے۔
جس کی وجہ سے ہمیں فوری وہاں سے نکالاگیا، ہوٹل پہنچنے کے بعد آرگنائزر نے ہم سے ناراض ہوتے ہوئے سوال کیا کہ’ ہم نے آپ کیلئے اتنا اچھا کانسرٹ آرگنائز کیا ہزاروں لوگ اکٹھے کیے۔
لیکن اس کے باوجود آپ نے اسٹیج پر کہا ’ دل دل پاکستان ، جا جا ہندستان ‘ ۔۔
انہوں نے کہا کہ ’وہاں آرگنائزر سمیت لوگوں کو یہ سمجھ ہی نہیں آیا کہ میں نے جان جان ہندوستان کہا تھا ، جا جا ہندوستان ‘نہیں اس کے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ آئندہ اس طرح نہیں کریں گے۔