چینی سائنسدانوں نے 3 منٹ میں ہڈی جوڑنے والا جادوئی'بون گلو' تیار کر لیا۔
چین دنیا میں بہت تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے جو ایک چھوٹی سی سوئی سے لے کر بھاری بھرکم مشینری بھی تیار کر رہا ہے جبکہ سائنس کے شعبے میں بھی چین بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
حال ہی میں چینی سائنس دانوں کی جانب سے صحت کے شعبے میں بھی ایک نئی ایجاد کی گئی ہے۔
چینی سائنسدانوں نے ایک ایسی گلو تیار کی ہے جو 3 منٹ میں ہڈی جوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
جی بلکل اگر کسی شخص کی ہڈی ٹوٹ جائے تو اس کا آپریشن کیا جاتا ہے، راڈ یا بولٹ بھی لگائے جاتے ہیں اور پلستر بھی کیا جاتا ہے۔
ہڈی کے مکمل جڑنے تک مریض کئی دن بلکہ کچھ لوگ تو کئی ماہ تک تکلیف برداشت کرتے ہیں۔
گلوبل ٹائمز کی رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ مشرقی چین کے صوبے زی جیانگ سے تعلق رکھنے والی ایک تحقیقی ٹیم نے 'بون 2' نامی گلو تیار کی ہے۔
جو ٹوٹی ہوئی ہڈیوں کو جلدی اور محفوظ طریقے سے ٹھیک کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ گلو کام کیسے کرتی ہے؟ اس گلو کو تیار کرنے والے سر رن رن شا اسپتال کے ایسوسی ایٹ چیف آرتھوپیڈک سرجن اور سرکردہ محقق لن ژیانفینگ کی جانب سے بتایا گیا ہے۔
کہ انہوں نے اس کی ایجاد کرنے کا خیال سمندر کی تہہ میں جمی سیپیوں سے لیا ہے جو پانی میں رہنے کے باوجود بھی مضبوطی سے جڑی رہتی ہیں۔
سرجن کے مطابق اس گلو کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے لگانے کے بعد اتارنے کیلئے دوبارہ آپریشن بھی نہیں کیا جاتا بلکہ یہ خود ہی جسم میں جذب ہو جاتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس گلو کو 150 سے زائد مریضوں پر آزمایا جا چکا ہے، جو اسٹیل کی پلیٹوں جیسا کام کرتی ہے جبکہ اس کے استعمال سے انفیکشن کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔