ائیرکنڈیشنر کو الوداع! سائنسدانوں نے انقلابی کولنگ پینٹ تیار کرلیا

سائنسدانوں نے ایک ایسا پینٹ تیار کیا ہے جو ائیر کنڈیشنر کی ضرورت کو کم کر سکتا ہے فائل فوٹو سائنسدانوں نے ایک ایسا پینٹ تیار کیا ہے جو ائیر کنڈیشنر کی ضرورت کو کم کر سکتا ہے

سائنسدانوں نے ایک ایسا پینٹ تیار کیا ہے جو ائیر کنڈیشنر کی ضرورت کو کم کر سکتا ہے۔ یہ پینٹ خاص طور پر چھتوں پر استعمال کے لیے بنایا گیا ہے اور اردگرد کے درجہ حرارت کے مقابلے میں چھت کی سطح کو تقریباً 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک ٹھنڈا رکھتا ہے۔

اس کے علاوہ، یہ پینٹ ہوا میں موجود پانی کو اپنی سطح پر کھینچتا ہے، جس کی وجہ سے شدید گرم موسم میں گھر کے اندر درجہ حرارت نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہیٹ ویوز کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے اور ائیر کنڈیشنرز کے مہنگے استعمال کی وجہ سے ہر گھر کے لیے یہ حل قابلِ عمل نہیں ہوتا۔

پینٹ کی تیاری کے لیے ایک سوراخ والی فلم استعمال کی گئی ہے، جو سورج کی 96 فیصد شعاعوں کو واپس فضا میں منعکس کر دیتی ہے اور چھت کی سطح کی حرارت کو مؤثر انداز میں کم کرتی ہے۔

سڈنی یونیورسٹی، آسٹریلیا کے سائنسدانوں نے بتایا کہ یہ پینٹ دن کے وقت جب سورج اپنی شدت پر ہوتا ہے، چھت کو اردگرد کے ماحول کے مقابلے میں زیادہ ٹھنڈا رکھتا ہے۔

پینٹ کی سطح کی ٹھنڈک کی وجہ سے ہوا میں موجود بخارات قطرے بناتے ہیں، بالکل ویسے جیسے رات کے وقت گاڑی پر شبنم جم جاتی ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق، یہ پینٹ کئی گھنٹوں تک فضا میں موجود پانی کو اپنی سطح پر جمع رکھ سکتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل ایڈوانسڈ فنکشنل میٹریلز میں شائع ہوئے، جس میں سڈنی نینو سائنس ہب کی چھت پر 6 ماہ تک اس پینٹ کو آزمایا گیا۔

تحقیق کے دوران پینٹ کے ساتھ الٹرا وائلٹ شعاعوں کے خلاف مزاحمت کرنے والی کوٹنگ بھی استعمال کی گئی تاکہ شبنم کے قطرے جمع ہو کر ایک برتن میں جمع کیے جا سکیں۔

4 ماہ کے دوران سائنسدانوں نے روزانہ 390 ملی لیٹر فی اسکوائر میٹر پانی اکٹھا کیا اور ان کا تخمینہ ہے کہ آسٹریلیا میں ایک اوسط چھت سے روزانہ 70 لیٹر تک پانی جمع کیا جاسکتا ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق اس پینٹ کو ایسے مقامات کی عمارات پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے جہاں زیرزمین پانی نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔

شروع میں اس پینٹ کی جس پروٹوٹائپ کوٹنگ پر تحقیق کی گئی وہ وینائلائیڈین فلورائیڈ-کو-ہیکسا فلورو پروپین پر مشتمل تھی اور اس ٹیکنالوجی کو ابھی زیادہ بڑے پیمانے پر استعمال نہیں کیا جاتا۔

یہی وجہ ہے کہ سائنسدانوں نے پھر پانی پر مبنی ایک پینٹ کو تیار کیا جس کی خصوصیات بھی ایسی ہی ہیں اور اسے وسیع پیمانے پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق اس پینٹ کو کسی عام پینٹ کی طرح چھتوں کو رنگنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

install suchtv android app on google app store