دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک، جو ایکس اے آئی نامی آرٹی فیشل انٹیلی جنس کمپنی کے مالک بھی ہیں، اکثر ایکس (ٹوئٹر) پر اپنی کمپنی کے گروک 4 چیٹ بوٹس کے فیچرز کا مظاہرہ کرتے رہتے ہیں۔
ایلون مسک نے یہ کمپنی اوپن اے آئی کے مقابلے میں متعارف کروائی تھی اور 2023 میں گروک چیٹ بوٹ پیش کیا گیا۔ اس کے لیے سپر کمپیوٹر بھی تیار کیے گئے۔
تاہم، 54 سالہ ایلون مسک کے مطابق اے آئی کے شعبے میں ان کی کمپنی کو امریکی کمپنیوں کے بجائے چینی کمپنیوں سے زیادہ سخت مسابقت کا سامنا ہوگا۔
انہوں نے ایک پوسٹ میں کہا کہ "ایکس اے آئی بہت جلد گوگل سمیت دیگر کمپنیوں کو پیچھے چھوڑ دے گی۔"
مسک نے مزید بتایا کہ چینی کمپنیاں سخت حریف ہیں کیونکہ انہیں امریکہ کے مقابلے میں زیادہ بجلی دستیاب ہے اور وہ ہارڈویئر بنانے میں ماہر ہیں۔
چین نے حالیہ برسوں میں خلائی ٹیکنالوجی، روبوٹکس اور اے آئی میں کافی پیشرفت کی ہے، اور چینی الیکٹرک وہیکل کمپنیاں مسک کی کمپنی ٹیسلا کو بھی سخت مقابلہ دے رہی ہیں۔
اسی طرح اے آئی کے شعبے میں چینی کمپنی ڈیپ سیک بہت تیزی سے ابھر کر سامنے آئی ہے۔