انسٹاگرام نے اپنی ریلز ویڈیوز کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کی بدولت صارفین متعدد ویڈیوز کو ایک دوسرے سے منسلک کر سکیں گے۔
اس فیچر کی مدد سے آپ اپنی لمبی ویڈیو کو مختلف حصوں میں تقسیم کرکے ایک سلسلہ وار پوسٹ کر سکیں گے، جس سے ناظرین آسانی سے پہلی، دوسری، تیسری اور اگلی قسط باری باری دیکھ سکیں گے۔ یہ تجربہ ایسے ہوگا جیسے قسط وار ڈرامے دیکھے جاتے ہیں۔
یہ نیا فیچر صرف نئی ویڈیوز کے لیے نہیں بلکہ پہلے سے پوسٹ کی گئی ریلز کے لیے بھی دستیاب ہے، جس سے صارفین اپنی متعلقہ ویڈیوز کو ایک دوسرے سے جوڑ کر دیکھنے میں آسانی فراہم کر سکیں گے۔
تاہم، یہ سہولت ان ویڈیوز پر لاگو نہیں ہوگی جو سبسکرائبرز کے لیے مخصوص ہوں یا جنہیں قریبی دوستوں کے ساتھ شیئر کیا گیا ہو۔
استعمال کرنے میں آسانی کے لیے، جب آپ نئی ریل اپلوڈ کریں گے تو کیپشن باکس کے نیچے "لنک ایک ریل" کا آپشن نظر آئے گا، جس سے آپ دیگر ویڈیوز کو اس سے جوڑ سکتے ہیں۔ پہلے سے موجود ریلز کو لنک کرنے کے لیے آپ ویڈیو کی سیٹنگز میں جا کر "لنکڈ ریلز شامل کریں" کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
یہ فیچر انسٹاگرام صارفین کو اپنی ویڈیوز کو بہتر انداز میں ترتیب دینے اور ناظرین کو تسلسل کے ساتھ دیکھنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔