دبئی میں محسن نقوی کی قومی ٹیم سے ملاقات، بھارت کے خلاف میچ میں دو ممکنہ تبدیلیاں

پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی فائل فوٹو پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کے اہم ترین مقابلے سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی دبئی پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان کیساتھ ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی عاقب جاوید بھی موجود ہیں، دونوں شخصیات نے قومی کرکٹ ٹیم کیساتھ طویل میٹنگ کی اورکھلاڑیوں کو متحرک کرتے ہوئے ان کا حوصلہ بڑھایا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو متحد ہوکر کھیلنے کا پیغام دیا اورکہا کہ مجھے اُمید ہے آپ سب بہترین کارکردگی دکھا کر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ میٹنگ کے دوران محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو ذہنی طورپرمضبوط رہنے اوردباؤ کو مثبت انداز میں استعمال کرنے کی تلقین کی۔

چیئرمین پی سی بی نے پاک بھارت میچ سے قبل قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور کپتان سے بھی علیحدہ ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے دونوں کا اعتماد بڑھایا اور بہترین کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کی ہدایت دی۔ ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیوں کا قوی امکان ہے، جس پر حتمی فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی کا یہ دورہ اور کھلاڑیوں سے ملاقات ٹیم کے مورال کو بلند کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، خاص طورپرایسے وقت میں جب بھارت کے خلاف میچ ہر کھلاڑی کے لیے بڑے امتحان کی حیثیت رکھتا ہے۔

install suchtv android app on google app store