نیپرا نے کے الیکٹرک پر ڈھائی کروڑ جرمانہ کردیا

نیپرا نے کے الیکٹرک پر ڈھائی کروڑ جرمانہ کردیا فائل فوٹو نیپرا نے کے الیکٹرک پر ڈھائی کروڑ جرمانہ کردیا

نیپرا نے بتایا کہ کے-الیکٹرک نے جنوری 2023 کے بڑے پاور بریک ڈاؤن کے دوران بجلی بحال کرنے کے لیے ’ بلیک اسٹارٹ فسیلٹیز’ (Black Start Facilities) استعمال کرنے کی کوشش کی، جو اس وقت استعمال کی جاتی ہیں جب کے ای کے پلانٹس مکمل طور پر بند ہو جائیں، مگر یہ کوششیں بار بار ٹرپنگ کے باعث ناکام رہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا: ’ لائسنس ہولڈر (کے ای) کے زیادہ تر پاور پلانٹس کی بلیک اسٹارٹ فسیلٹیز پر بار بار ناکام کوششیں اور ان کی مسلسل ٹرپنگ اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ لائسنس ہولڈر نے بلیک اسٹارٹ فسیلٹی کی موک ٹیسٹنگ نہیں کی۔’ مزید کہا گیا:’ موک ٹیسٹنگ (Mock Testing) لائسنس ہولڈر اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی تیاری کے لیے نہایت اہم مرحلہ ہے تاکہ وہ بلیک آؤٹ کی صورتحال سے نمٹ سکیں، کیونکہ یہ بلیک اسٹارٹ فسیلٹی کی فعالیت کو یقینی بناتی ہے۔’

کے-الیکٹرک نے اس پر ردِعمل دیتے ہوئے بجلی کے نظام کے بیٹھنے کی ذمہ داری نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (NTDC) کے پاور نیٹ ورک پر عائد کی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق:’ اتھارٹی (نیپرا) نے لائسنس ہولڈر کے جمع کرائے گئے جوابات کا جائزہ لیا اور دیکھا کہ لائسنس ہولڈر نے 23 جنوری 2023 کے پاور بریک ڈاؤن کو این ٹی ڈی سی کے 500 کلو وولٹ نیٹ ورک میں خرابی سے منسلک کیا، جس کے نتیجے میں اس کے اپنے نظام میں بھی سلسلہ وار ناکامی (Cascading Failure) واقع ہوئی۔’

اتھارٹی نے مزید کہا:’ اگرچہ یہ درست ہے کہ مربوط پاور سسٹمز بڑے گرڈ میں رکاوٹوں سے متاثر ہو سکتے ہیں، مگر لائسنس ہولڈر کا یہ مؤقف کہ اس کا پورا استحکام این ٹی ڈی سی کے نیٹ ورک پر منحصر ہے، اس کی اپنی تیاری کے بارے میں تشویش پیدا کرتا ہے، خاص طور پر جب وہ ایک عمودی طور پر منسلک (Vertically Integrated) یوٹیلیٹی ہے۔’

نیپرا نے مشاہدہ کیا کہ کے-الیکٹرک اپنے آپریشنز کو نیپرا ایکٹ کی دفعہ 14B(4)، نیپرا لائسنسنگ (جنریشن) رولز 2000 کے رول 10(6)، اور گرڈ کوڈ کی دفعات OC 8.1.1، 8.1.4، 8.2.1، 8.2.2 اور 8.2.3 کے مطابق انجام دینے میں ناکام رہا۔ اس بنا پر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا جو 15 دن کے اندر ادا کرنا ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ اگر رقم ادا نہ کی گئی تو نیپرا ’ نیپرا ایکٹ کی دفعہ 41 اور فائن ریگولیشنز 2021 کی متعلقہ دفعات کے تحت اسے بطور واجب الادا محصولات وصول کرے گا۔’ اس پیشرفت پر ردعمل دیتے ہوئے کے-الیکٹرک کے ترجمان نے ایک بیان میں اس جرمانے کو ’ حیران کن’ قرار دیا۔

بیان میں مزید کہا گیا:’ کے-الیکٹرک فی الحال معزز اتھارٹی کے تفصیلی فیصلے کا جائزہ لے رہا ہے اور اس کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گا۔’

install suchtv android app on google app store