وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خبردار کیا ہے کہ منگل اور بدھ کی رات دریائے سندھ میں سیلاب کا خدشہ ہے۔ وزیراعلیٰ کو وزیر آبپاشی جام خان شورو نے دریائی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 83 ہزار کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 50 ہزار کیوسک جبکہ سکھر بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 13 ہزار کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 59 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
جام خان شورو نے مزید بتایا کہ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 64 ہزار کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 33 ہزار کیوسک ہے اور بیراجوں کی مجموعی صورتحال فی الحال مستحکم ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تمام متعلقہ محکموں اور انتظامیہ کو متحرک رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی وزرا تمام اقدامات کی نگرانی جاری رکھیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات دریائے سندھ میں سیلاب کا خدشہ ہے، لہٰذا دریا کے کناروں یا کچے میں رہنے والے افراد انتظامیہ سے تعاون کریں، ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر دریا کے گرد بند اور نہری نظام کی کڑی نگرانی کی جائے۔