پنجاب میں اب تک کی سب سے مہنگی گاڑی رجسٹرڈ

مہنگی گاڑی فائل فوٹو مہنگی گاڑی

پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ(punjab excise and taxation department) نے اپنی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ محکمہ نے 17 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی مہنگی ترین لگژری ایس یو وی رجسٹرڈ کی ہے، جس کی رجسٹریشن فیس ہی 9 کروڑ 44 لاکھ روپے وصول کی گئی۔

پرو پاکستانی کے مطابق ایکسائز ڈائریکٹر شاہد گیلانی کا کہنا ہے کہ یہ اب تک کی سب سے بڑی رجسٹریشن فیس ہے جو محکمہ کے ریکارڈ میں شامل ہوئی ہے۔ اس سے قبل 2023 میں ایک جدید رینج روور کی رجسٹریشن پر 91 لاکھ روپے فیس وصول کی گئی تھی، جو اُس وقت ایک کمپیکٹ ایس یو وی کی قیمت کے برابر سمجھی جاتی تھی۔

یہ نئی گاڑی گوجرانوالہ کے شہری احمد وقاص کے نام پر رجسٹرڈ کی گئی ہے، جنہوں نے اپنی گاڑی کے لیے منفرد نمبر پلیٹ AWA-089 حاصل کی۔ محکمہ ایکسائز کے حکام کے مطابق موٹر برانچ لاہور اس وقت ریونیو کلیکشن میں سب سے آگے ہے اور موجودہ مالی سال کے صرف پہلے دو ماہ میں 5 ارب روپے سے زائد کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ریکارڈ رجسٹریشن نے نہ صرف محکمہ ایکسائز کے ریونیو میں اضافہ کیا بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ ملک میں لگژری گاڑیوں کی مانگ میں اب بھی اضافہ ہورہا ہے، حالانکہ عام صارفین گاڑیوں کی بڑھتی قیمتوں سے شدید پریشان ہیں۔

ایکسائز حکام کا مزید کہنا ہے کہ ایسے اقدامات سے محکمے کی کارکردگی اور ریونیو اکٹھا کرنے کی صلاحیت مزید بہتر ہوگی۔

install suchtv android app on google app store