پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے منی وین ماڈل سوزوکی ایوری وی ایکس آر پر 3 لاکھ 50 ہزار روپے کی بڑی رعایت کا اعلان کر دیا۔
کمپنی کے مطابق یہ پیشکش محدود مدت کے لیے متعارف کرائی گئی ہے، رعایت کے بعد گاڑی کی ایکس فیکٹری قیمت کم ہو کر 29 لاکھ 65 ہزار 200 روپے رہ گئی ہے، جس سے یہ فیملی استعمال اور چھوٹے کاروباروں کے لیے نسبتاً کم قیمت سواری بن گئی ہے۔
سوزوکی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ پیشکش صرف ایوری وی ایکس آر ویرینٹ پر لاگو ہوگی اور اس کی بکنگ ملک بھر کے مجاز ڈیلرز کے ذریعے شروع کر دی گئی ہے۔
سوزوکی ایوری وی ایکس آر میں 5سپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن اور 2WD ڈرائیو سسٹم دیا گیا ہے، جو بہتر کارکردگی اور ایندھن کی بچت فراہم کرتا ہے،اس کےسیکیورٹی فیچرز میں دو ایئر بیگز، ABS کے ساتھ EBD، اموبلائزر، سیکیورٹی الارم اور فرنٹ سیٹ بیلٹ پری ٹینشنرز شامل ہیں، اس کے علاوہ چائلڈ لاک، انٹرمیٹنٹ وائپرز، اور ہیڈ امپیکٹ پروٹیکشن انٹیریئر بھی موجود ہے۔
اندرونی فیچرز میں مینوئل ایئر کنڈیشنگ، پاور اسٹیئرنگ، سینٹرل لاکنگ، ریٹریکٹ ایبل سائیڈ مررز اور فولڈنگ سیٹس شامل ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ پیشکش بجٹ کے لحاظ سے محتاط صارفین کو متوجہ کرنے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، تاہم اس پر شرائط و ضوابط لاگو ہیں اور یہ رعایت صرف محدود وقت کے لیے دستیاب ہوگی۔