بھارت کی جانب سے سیز فائر کی ایک بار پھر خلاف ورزی کی گئی ہے. آزاد کشمیر کوٹلی سیکٹرمیں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے چار افراد زخمی ہو گئے. پاکستان کی جانب سے امن کے لئے تمام تر اقدامات اور بھارت سے اچھے تعلقات کی خواہش کے باوجود بھارتی فوج کی جانب سے پاکستان کی سرحدی حدود اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارتی فوج نے آج پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیرکوٹلی سیکٹر میں گوئی کے مقام پر پاکستانی حدود میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔ بھارتی فوج کی جارحیت کے نتیجہ میں چار شہری زخمی ہو گئے۔ بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی سے جہاں معصوم شہری نشانہ بن رہے ہیں تو دوسری جانب عوام کے درمیان نفرتوں کے بیج بورہی ہے ۔
نیویارک میں وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی ہم منصب منموہن سنگھ کے درمیان ملاقات میں اگرچہ سیز فائر پر مکمل عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا لیکن بھارتی فوج کی جارحیت ان تمام کوششوں پر پانی پھیرتی نظر آ رہی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان کی جانب سے امن کی کوششوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے بھارتی فوج کو لگام ڈالنے کے لئے کیا اقدامات کرتی ہے