چترال اور گلگت بلتستان میں سیلاب نے ہر طرف تباہی پھیلا دی ، سیلاب سے تباہ حال چترال اور سکردو میں ریلیف کا کام جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کی امدادی ٹیمیں راشن ، ٹینٹ ، کمبل اور دوائیں متاثرین تک پہنچا رہی ہیں ، پاک فوج کی انجینئرز کور نے چترال کا زمینی رابطہ بحال کر دیا۔
چترال اور سکردو میں متاثرہ لوگوں کی داد رسی کے لیے ریلیف کا کام جاری ہے ۔ آرمی انجینئرز نے دروش اور بروزئی پلوں کی مرمت کر دی ہے ۔دونوں پل چترال کو ملک کے دیگر علاقوں سے ملاتے ہیں۔
پاک فضائیہ کا سی ون تھرٹی طیارے پانچ سو خاندانوں کے لیے خوراک لے کر چترال پہنچا ، بونی میں ریلیف کیمپ قائم کر دیا گیا ہے، ضلع بھر میں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے ۔ گھروں کی دوبارہ تعمیر بھی شروع ہو گئی ہے۔
دیامر اور ہنزہ نگر میں بھی سڑکیں متاثر ہوئی ہیں ، جن کی بحالی کا کام جاری ہے ۔ گرم چشمہ، مستوج ، بونی بمبوریت ، کیلاش، دروش میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ سکردو کے متاثرہ علاقوں میں بھی ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج امدادی کاموں میں مصروف ہے ۔ سیلاب متاثرین کو راشن ، ٹینٹ ، کمبل اور ادویات کی فراہمی جاری ہے۔