گلگت بلتستان کے کئی دیہات زیرآب، ہزاروں افراد بے گھر

گلگت بلتستان کے کئی دیہات زیرآب، ہزاروں افراد بے گھر فائل فوٹو

سیلاب سے گلگت بلتستان بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، کئی دیہات ڈوب گئے، ہزاروں افراد بے گھر ہوچکے ہيں، صوبے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ فوج نے ہنگامی صورتحال کے باعث امدادی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

تیز بارش اور پگھلتے گلیشیئرز نے گلگت بلتستان میں تباہی مچادی، ندی نالے ایسے بھپرے کے راستے میں آنے والی ہر شے کو بہا لے گئے، اسکردو کے 60 سے زائد دیہات ڈوب گئے، 75 دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، ہزاروں افراد بے گھر، انفراسٹرکچر بری طرح تباہ ہوگیا، سڑکوں کا نام و نشان نہیں رہا۔

شیگر کے علاقے وزیر پور میں گلیشیئر سے بنی جھیل ٹوٹنے سے پانی نشیبی آبادی میں داخل ہوگیا، متاثرہ 3 دیہات سے آبادی کو ریلیف کیمپ میں منتقل کردیا گیا ہے، پاک فوج کی امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

 گلگت میں سیلاب کے باعث 2 افراد جان سے گئے، اوش کھنداس گاؤں میں 30 سے زائد گھر ملیا میٹ ہوگئے، لوگ کھلے آسمان تلے تباہ حال آشیانوں کو حسرت بھری نگاہوں سے دیکھ رہے ہیں۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اشیاء پہنچائی جارہی ہے۔ تاہم متاثرہ افراد حکومتی انتظامات سے غیرمطمئن ہیں۔ حالیہ بارشوں سے فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، رابطہ پلوں اور پن بجلی کے منصوبے بھی متاثر ہوئے۔

install suchtv android app on google app store