وزیراعظم سے گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں بروقت اقدامات سے 300 انسانی جانیں بچانے والے ہیروز وصیت خان، انصار اور محمد خان نے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق وصیت خان، انصار،محمد خان بکرے چرانے کا کام کرتے ہیں جنہوں نے بلندی پر گلوف دیکھتے ہوئے اپنے گاؤں کال کر کے پیشگی اطلاع دی جس کی وجہ سے تین گاؤں کے مکینوں کا بروقت انخلا ہوا اور انسانی جانیں بچ گئیں۔
وزیراعظم نے انسانی جانیں بچانے پر گلگت بلتستان کے تینوں ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں 24 کروڑ عوام کا ہیرو قرار دیا اور تینوں کیلیے 25، 25 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے تینوں افراد کو شاباشی سرٹیفیکیٹ دیئے اور چند روز میں گلگت بلتستان کے دورے کا عندیہ دیتے ہوئے متاثرہ گاؤں کو ماڈل ویلیج بنانے کا اعلان بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شرفی نے ہیروز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانیں بچا کر آپ نے خدمت کے جذبے کا اظہار کیا، آپ جیسے لوگ پوری قوم کیلئے مسیحا کا درجہ رکھتے ہیں۔