وزیراعظم کا دورہ ملائیشیا، دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

وزیراعظم پاکستان اور ملائیشیا کے ہم منصب انور ابراہیم نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب فائل فوٹو وزیراعظم پاکستان اور ملائیشیا کے ہم منصب انور ابراہیم نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ملائیشیا کے دوران دونوں ممالک نے تجارت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان اور ملائیشیا کے ہم منصب انور ابراہیم نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتِ حال اور غزہ میں جاری انسانی المیے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے بتایا کہ ان کی وزیراعظم شہباز شریف سے علاقائی و عالمی امور پر جامع بات چیت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا، فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہیں اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کے لیے بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔

انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں، اور دہشت گردی کے خاتمے سمیت خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے تعاون جاری رہے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات ناگزیر ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کی قیادت اور عوام کا پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں ملائیشیا آکر "دوسرے گھر" جیسا احساس ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات اعتماد، احترام اور باہمی مفاد پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے انور ابراہیم کی قیادت اور ملائیشیا کی ترقی میں ان کے وژن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر کے حلال گوشت کی برآمد کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور وقت کے ساتھ اس تجارت کو مزید وسعت دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے متعدد طلبہ ملائیشیا میں زیر تعلیم ہیں جب کہ دونوں ممالک مشترکہ منصوبوں کے ذریعے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ملائیشین ہم منصب کی کتاب ’’اسکرپٹ‘‘ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصنیف اسلام آباد اور کوالالمپور کے درمیان ایک فکری اور تہذیبی پل کا کردار ادا کرے گی۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے انور ابراہیم کے اصرار پر علامہ اقبال کے اشعار بھی پڑھے۔

install suchtv android app on google app store