سابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے خبردار کیا ہے کہ بھارت پاکستان پر دوبارہ میزائل حملہ کر سکتا ہے، اس لیے ہمیں اس کے عزائم پر گہری نظر رکھنا ہوگی۔ یہ بات انہوں نے "پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیاں، مستقبل کی امیدیں اور آئندہ دفاعی حکمتِ عملی" کے عنوان سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا کہ بھارت بخوبی جانتا ہے کہ پاکستان جدید ترین میزائل ٹیکنالوجی رکھتا ہے اور کسی بھی جارحیت کا موثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ واقعات کے بعد پاکستان اور اس کی افواج کا وقار عالمی سطح پر مزید بلند ہوا ہے، جبکہ بھارت عالمی برادری میں تنہائی کا شکار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے مسلم دنیا کی تمام لیڈر شپ کو ختم کر دیا، عراق، لیبیا، مصر اور شام کو تباہ کیا اور ایران پر بھی بمباری کی۔ ان کے مطابق پاکستان امت مسلمہ کی واحد ایٹمی طاقت ہے جو دشمنوں کو کھٹکتی ہے۔
سابق مشیر نے خبردار کیا کہ بھارت کے اندرونی سیاسی حالات ایسے ہیں جن کے باعث پاکستان پر دوبارہ حملے کے خدشات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائیر مارشل (ر) ساجد حبیب نے کہا کہ بھارت کی پشت پناہی میں کام کرنے والی کالعدم ٹی ٹی پی پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے اس بار حملے کی غلطی کی، تو اس بار “70 طیارے گرائیں گے”۔
خارجہ امور کے ماہر محمد مہدی نے کہا کہ پاکستان کا چین اور امریکا کے ساتھ متوازی تعلقات رکھنا ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کے مطابق امریکا افغان طالبان یا ٹی ٹی پی کو اپنے لیے خطرہ نہیں سمجھتا، جبکہ سی پیک پر کام مطلوبہ رفتار سے نہیں ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے پاکستان کو اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا، کیپیسٹی بلڈنگ ناگزیر ہے کیونکہ اب تک خاطر خواہ غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں آسکی۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر اداروں کی طرح دفترِ خارجہ کو بھی اپنی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہوگا تاکہ خطے میں ابھرتے نئے چیلنجز کا بہتر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔
پاکستان نیوی کے رئیر ایڈمرل (ر) این اے رضوی نے کہا کہ پاکستان جب تک گوادر کو آپریشنل نہیں کرلیتا اس وقت تک ہمارے لیے سنگین خطرات موجود رہیں گے، لیکن پاکستان کی بحری سکیورٹی کے بارے میں کسی کو وہم نہیں ہونا چاہیے۔
سلمان غنی نے کہا کہ پاک فوج نے اپناکام کر دکھایا تاہم سیاسی و معاشی میدان ابھی بہت سا کام کرنا ابھی باقی ہے۔
میجر (ر) نیئر شہزاد نے کہا کہ اللہ پاک نے پاکستان کو بھارت کے خلاف سرخرو کیا جس کی صدر ٹرمپ نے بیسیوں بار گواہی دی ہے۔