وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ کیلئے امداد لے جانے والے قافلے’’سمود غزہ فلوٹیلا‘‘ پر اسرائیلی ا فواج کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اس قافلے میں پاکستان سمیت 44 ممالک کے 450 امدادی کارکن 40 بحری جہازوں پر سوار تھے۔سوشل میڈیا ایکس پر وزیراعظم نے تمام امدادی کارکنوں کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا جنہیں اسرائیلی فورسز نے غیر قانونی طور پر گرفتار کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کارکنوں کا جرم مظلوم فلسطینیوں کو امداد فراہم کرنا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کو فوری طور پر روکنا اور فلسطین میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنانا ہی وقت کا سب سے بڑا تقاضا ہے۔
وزیرِاعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’امن کو ایک موقع دیا جانا چاہیے اور امداد ہر حال میں ضرورت مندوں تک پہنچنی چاہیے‘‘۔